بارہ بنکی، 27؍جون(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے اترپردیش کی اکھلیش یادو حکومت پر مرکز کے مختلف فلاحی منصوبوں کو عوام تک نہ پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اس صوبے کی ترقی کے لیے ریاست کی موجودہ ایس پی حکومت کو اکھاڑ کر بی جے پی کی حکومت بنانی ہوگی۔شاہ نے بارہ بنکی میں منعقد اودھ حلقے کے بوتھ سطح کے پارٹی صدور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست کی اکھلیش یادو حکومت مرکز کی مختلف اسکیموں کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچا رہی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ مودی جی کتنے بھی منصوبے بنا لیں لیکن ریاست میں ترقی نہیں پہنچ سکتی کیونکہ درمیان میں جو حکومت بیٹھی ہے، وہ ترقی کو پہنچنے دینا چاہتی ہے۔وہ حکومت جب تک نہیں تبدیل ہوتی اس وقت تک یوپی کی ترقی نہیں ہو سکتی اور جب تک یوپی کی ترقی نہیں ہوتی ، تب تک ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی ، اس لیے اگر اترپردیش کو ترقی دینا ہے تواس سماج وادی پارٹی کی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں۔امت شاہ نے کارکنوں سے کہاکہ جو آپ نے 2014میں کیا ہے، اس کو 2017میں بھی دوہرائیں۔اترپردیش کو ایس پی اور بی ایس پی کے چنگل سے بی جے پی کارکنان ہی آزادی دلا سکتے ہیں ۔ہندوستان دن دونی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے اور یوپی پچھڑتا جا رہا ہے۔اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت بنائیے ، پھر اس ریاست کی ترقی مودی جی کی ذمہ داری ہے۔بی جے پی صدر نے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو سے مرکز کے ذریعہ مختلف منصوبوں کے تحت دی جانے والی مالی مددکاحساب مانگتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کو13ویں مالیاتی کمیشن کے مقابلے14ویں مالیاتی کمیشن کے ذریعے4لاکھ75ہزار کروڑ روپے سے زیادہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔میں اکھلیش جی سے پوچھنا چاہتاہوں کہ مودی جی نے جو رقم دیاوہ کہاں چلی گئی ۔